امراء و رؤساء کے شہروں کی فہرست میں حیدرآباد کے نام کی شمولیت

حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد ایک مرتبہ پھر شہر امراء و رؤساء کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے اورا س فہرست میں شہر کی شمولیت کو وقار تصور کیا جارہاہے ۔ ایشیا پیسفیک خطہ میں موجود شہری اساس پر تیار کردہ رپورٹ میں حیدرآباد کو 510 امراء کے ساتھ ہندوستان کے ان 7 شہروں کی فہرست میں جگہ حاصل ہوئی ہے جو کہ ملک کے امراء کے شہر میں شمار کئے جارہے ہیں ۔ رپورٹ میں موجود اعداد و شمار کے اعتبار سے حیدرآباد میں 510 ایسے افراد موجود ہیں جن کی دولت 10 لاکھ ملین ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے ۔ دسمبر 2014 تک کی اس رپورٹ کے مطابق 2004 میں شہر حیدرآباد میں 160 ایسے افراد تھے جن کی دولت 10 لاکھ امریکی ڈالرس سے تجاوز کرچکی تھی اور اب شہر میں گذشتہ 10 برسوں کے دوران اس تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے جس کے سبب حیدرآباد ہندوستان کے 7 شہروں کی فہرست میں شامل ہوا ہے ۔ ہندوستان کے دیگر شہروں میں پونے ، چینائی ، کولکتہ ، دہلی ، بنگلور اور ممبئی شامل ہیں ۔ ہندوستان میں دیگر شہروں کاجائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ پونے میں سال 2004 کے دوران صرف 60 دولت مند ترین اشخاص ہوا کرتے تھے لیکن دسمبر 2014 میں ان کی تعداد 250 تک پہنچ چکی ہے ۔ اسی طرح دہلی میں جہاں 430 ایسے اشخاص تھے جن کی دولت و اثاثہ 10 لاکھ امریکی ڈالرس کو تجاوز کر چکے تھے لیکن دس سال کے دوران یہ تعداد 1350 تک پہنچ چکی ہے ۔

بنگلور میں 140 سے بڑھ کر یہ تعداد 440 ہوچکی ہے ۔ جب کہ چینائی میں دولت مند ترین شمار کئے جانے والے افراد کی تعداد 390 ہوچکی ہے جو کہ سال 2004 میں 130 تھی ۔ اسی طرح کولکتہ میں بھی اس تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ تعداد 570 تک پہنچ چکی ہے جب کہ 10 سال قبل یہ تعداد 210 تھی ۔ حیدرآباد کو دولت مند ترین افراد کے شہروں کی فہرست میں شامل کئے جانے پر جشن منانے والوں کو اس شہر کی تاریخ کا مشاہدہ کرناچاہئے چونکہ یہ شہر اس وقت بھی متمول ترین افراد کی فہرست میں تھا جب اس شہر پر سلطنت آصفیہ کے حکمراں حکومت کررہے تھے ۔ اس شہر کو اس وقت بھی شہر امراء و رؤساء کہا جاتاتھا اور آج بھی یہ شہر اس فہرست میں اپنی شمولیت کروانے میں کامیاب ہواہے لیکن دور آصفیہ کے امراء و رؤساء میں خورشید جاہ ، وقار الامراء ، صفدر جنگ ، سالار جنگ کے علاوہ اسی طرح کے نواب کے ساتھ مہاراجہ کشن پرشاد اور راجہ دھنراج گیر جی جیسے نام تھے لیکن اب جو فہرست منظر عام پر آئی ہے ان میں 10 لاکھ امریکی ڈالرس سے زیادہ دولت رکھنے والوں میں جو نام ہیں ان میں جی وی کے ، جی ایم آر ، ڈاکٹر ریڈی اور پلاریڈی کے نام شامل ہیں ۔ دولت مند ترین افراد کے شہروں کی فہرست میں ویتنام کا شہر ہوچومن سٹی سرفہرست ہے ۔ شہر حیدرآباد کے اس فہرست میں شامل ہونے پر اسے تلنگانہ کے لیے ایک اعزاز تصور کیا جارہا ہے ۔۔