حیدرآباد 24 جنوری (پریس نوٹ) بانی صدر مجلس بچاؤ تحریک و سابق رکن اسمبلی چندرائن گٹہ جناب محمد امان اللہ خان مرحوم کی بہو مسز اسماء خاتون جو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے 28 ۔ اعظم پورہ وارڈ سے مجلس بچاؤ تحریک کی امیدوار کے طور پر حصہ لے رہی ہیں، 25 جنوری کو اپنے حلقہ کی پدیاترا کریں گی۔ اُن کے شوہر جناب امجد اللہ خان خالد جو اس حلقہ کے سابق کارپوریٹر ہیں، اُن کے ہمراہ رہیں گے۔ جناب امجد اللہ خان اور مسز اسماء خاتون 10 بجے صبح اولڈ ملک پیٹ پر سوئیف کیفے سے پدیاترا کا آغاز کریں گے۔ اُن کی یہ پدیاترا ایک بجے دن تک جاری رہے گی۔ علاوہ ازیں وہ 3 بجے سہ پہر نلگنڈہ پٹرول پمپ پر کالا ڈیرہ کالونی میں سوئیف کیفے سے پدیاترا شروع کریں گے اور براہ اکبر ٹاورس و اشرف نگر پیدل دورہ کریں گے۔ اُن کی یہ پدیاترا 6 بجے شام تک جاری رہے گی۔ مسز اسماء خاتون کے انتخابی جلسہ عام کا 7 بجے شام تا 10 بجے شب صرفخاص پلٹن چوراہا پر انعقاد عمل میں آئے گا۔ صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خان صدارت کریں گے۔ ترجمان مجلس بچاؤ تحریک جناب مجید اللہ خان فرحت اور تحریک کے دیگر قائدین مخاطب کریں گے۔ اس موقع پر امجد اللہ خان کا خصوصی خطاب ہوگا۔