امام حرم شیخ عبدالرحمن السدیس کا خطبہ ٔ حج
میدان عرفات۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امام حرم شیخ عبدالرحمن السدیس نے آج میدان عرفات میں نمازوں کی امامت کی اور خطبہ حج دیا۔ انہوں نے تمام مسلم قائدین پر زور دیا کہ وہ آج امت مسلمہ کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب یا قوم سے تعلق نہیں۔ انہوں نے حجاج کرام سے خواہش کی کہ وہ مناسک حج کے دوران سیاسی سرگرمیوں سے خود کو دور رکھیں۔ جاریہ سال مفتی اعظم عبدالعزیز الشیخ کی بجائے شیخ عبدالسدیس نے خطبہ حج دیا۔ عبدالعزیز الشیخ ناسازیٔ صحت کے باعث خطبہ نہیں دے پائے اور وہ آج خطبہ کے دوران یہاں موجود تھے۔ انہوں نے مسلمانوں میں اتحاد پر زور دیا اور تخریبی نظریات کے خلاف خبردار کرتے ہوئے والدین، اساتذہ اور اسکالرس کو نوجوان نسل کو پروان چڑھانے کے ضمن میں ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی۔ مسجد نمرہ میں گورنر مکہ شہزاد خالد الفیصل بھی عازمین کے ساتھ شریک تھے اور وہ خشوع و خضوع کے ساتھ خطبہ سماعت فرمارہے تھے ۔ السدیس نے اپنے خطبہ میں شاہ سلمان کی صحت یابی کیلئے دعا کی اور اس حج کے موقع پر عازمین کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں مسلمان بھائی بھائی ہیں ۔ فرقہ واریت کو جڑ سے ختم کرنا چاہئیے ۔ ایک دوسرے کے دکھ درد کا احساس ہونا ضروری ہے ۔ سب سے زیادہ حقوق قریبی رشتہ داروں کے ہیں ۔ والدین کی نافرمانی نہ کرو ان کے آگے ادب کے ساتھ کھڑے رہو ۔ اللہ کے احکامات پر عمل سے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے لئے دین اسلام منتخب کیا ہے ۔ اس سے سچا کوئی دین نہیں ہے ۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم آج ہی کے دن خطبہ فرمایا اور اس دن اللہ نے فرمایا تمہارے لئے دین مکمل ہوگیا ۔ مسلمان اسوہ حسنہ پر چل کر اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں ۔ اسلام میں ہی عدل و انصاف ملتا ہے ۔ عدل میں ہی خیر ہے ۔ مسلمان پر مسلمان کی عزت ، مال اور قتل حرام ہے ۔ السدیس نے اس موقع پر ساری دنیا کی میڈیا کو بھی تلقین کی کہ ان کے پاس موجود صلاحیتوں کو خدا کا عطا سمجھیں اور اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے سنسنی خیز خبریں پھیلانے اور افواہوں کو ہوا دینے سے گریز کریں ۔ اپنی طاقت کو ساری دنیا میں امن و امان اتحاد کے لئے وقف کردیں ۔