لکھنؤ ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی ادتیہ ناتھ نے انتخابی جلسوں سے خطاب پر امتناع کی خلاف ورزی کی اور ایک جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی حکومت پر فرقہ پرستانہ ایجنڈہ پر عمل کا الزام عائدکیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹھاکر واڑہ، مین پوری اور نگہاسن میں انہیں جلسے منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جہاں ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک جلسہ سے اپنے موبائیل فون کے ذریعہ خطاب کیا۔ بعدازاں ریاستی دارالحکومت لکھنؤ میں انہوں نے پولیس احکامات کی خلاف ورزی کی جس نے اندرا نگر علاقہ میں جلسہ سے خطاب کی اجازت نہیں دیتھی۔ یہاں پر یوگی ادتیہ ناتھ شہ نشین پر موجود تھے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ اترپردیش حکومت کی ایمائر پر انہیں جلسوں سے خطاب کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
آدھار مرحلہ V کی منظوری
نئی دہلی ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج یونک آئیڈنٹفکیشن پراجکٹ کے مرحلہ V کو منظوری دے دی جس کے تحت 2015ء تک 100 کروڑ آدھار نمبرس فراہم کئے جائیں گے۔ حکومت نے آدھار پراجکٹ پر اترپردیش، بہار، چھتیس گڑھ اور اترکھنڈ میں عمل آوری کی اجازت دے دی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت کابینی کمیٹی برائے معاشی امور کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔