امتحان کے دوران طالبات کی قابل اعتراض تلاشی ‘ تحقیقات کا حکم

بیٹول ( مدھیہ پردیش ) 20 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش میں بارہویں جماعت کا امتحان تحریر کرنے والی 7 تا 8 لڑکیوں نے الزام عائد کیا کہ فلائنگ اسکواڈ نے نقل نویسی کے شبہ میں ان کی قابل اعتراض انداز میں تلاشی لی تھی ۔ جس کے بعد ڈویژنل کمشنر نے آج اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ ان طالبات نے اپنے والدین کے ساتھ محکمہ مال کے اعلی عہدیداروں بشمول کلکٹر و نرمدا پورم ڈویژنل کمشنر وریندر کمار باتھم سے کل رات ملاقات کی اور ان کو اپنی شکایت سے واقف کروایا جس کے بعد انہوں نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ شکایت کنندا طالبات نے کہا کہ جب وہ سائینس کے پرچہ میں اپنا امتحان تحریر کر رہے تھے اس وقت فلائنگ اسکواڈ وہاں پہونچا اور نقل نویسی کے شبہ میں ان کی قابل اعتراض انداز میں تلاشی لی گئی ۔ ان لڑکیوں نے مطالبہ کیا کہ خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔