امتحانی پرچوں کی جانچ میں فاش غلطیوں کا اعتراف

99نشانات حاصل کرنے والی طالبہ کو 00 نشانات، ایک خانگی لکچرر پر جرمانہ، دوسرامعطل

حیدرآباد ۔29اپریل ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ( ٹی ایس بی آئی ای ) نے ایک خانگی تعلیمی ادارہ کے لکچرر کو جس نے ممتحن کے فرائض انجام دیا تھا آج معطل کردیا ، جب یہ پتہ چلا کہ انٹرمیڈیٹ سال دوم کی ایک طالبہ کو 00 نشانات دیا تھا حالانکہ اس لڑکی نے تلگو کے پرچہ میں 99نشانات حاصل کی تھی ۔ ضلع منچریال سے تعلق رکھنے والی طلبہ کو تلگو میں 99نشانات حاصل ہوئے تھے ، اس کے بجائے اس کو ’’ 00‘‘ نشانات دیئے گئے تھے ۔ اتوار کو رات دیر گئے جاری کردہ سرکاری اعلامیہ کے مطابق ’’ یہ ایک فاش غلطی ہے چنانچہ بورڈ نے سخت کارروائی کی ہے ۔ ممتحن جی اوما دیوی پر 5000روپئے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ تنقیح کرنے والے ایس وجئے کمار کو معطل کردیا گیا جو ایک خانگی جونیئر کالج میں لکچرر ہے ۔ اس غلطی کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ ممتحن اوما دیوی ایک خانگی تعلیمی ادارہ میں لکچرر ہے جس نے اس لڑکی کو 99کے بجائے 00نشانات دیا تھا اور وجئے کمار کو تنقیح کنندہ ہے امتحانات میں ہونے والی اس غلطی کا نوٹ نہیں لیا تھا ۔ سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ممتحن کو خانگی تعلیمی ادارہ کی طرف سے معطل کردیا گیا ہے ۔انٹرمیڈیٹ امتحانات رواں سال فبروری اور مارچ کے دوران منعقد ہوئے تھے اور 18اپریل کو نتائج کا اعلان کیا گیا تھا ۔ نتائج کے اعلان میں بھی بے ضابطگیوں کے الزامات ہیں ۔ چند طلبہ نے دعویٰ کیا ہے کہ امتحانی پرچے اچھے جانے کے باوجود ان میں سے بعض ناکام ہوگئے ہیں اور بعض کو کم نشانات حاصل ہوئے ہیں ۔ قبل ازیں معتمد تعلیم بی جناردھن ریڈی نے کہا تھا کہ طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو نتائج پر فکرمند یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ اپنے اطمینان کیلئے پرچوں پر دوبارہ گنتی یا دوبارہ تنقیح کرواسکتے ہیں ۔