امتحانات کے شفافیت کے ساتھ انعقاد میں حکومت ناکام

کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کانگریس قائد کا ردعمل
حیدرآباد۔26 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حکومت پر امتحانات کے شفافیت کے ساتھ انعقاد میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹر امتحانات کے علاوہ دیگر امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت شفافیت کو باقی رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اپوزیشن کو کمزور کرتے ہوئے اپنی خامیوں اور کوتاہیوں کی پردہ پوشی کررہے ہیں۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ لاکھوں طلبہ کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے غلط نتائج جاری کئے جس کے نتیجہ میں 20 سے زائد طلبہ نے خودکشی کرلی یہ خودکشی نہیں بلکہ سرکاری قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی خودکشی کے واقعات کے بعد حکومت نے پرچہ جات کی جانچ کے احکامات جاری کیے۔ اگر اسکام منظر عام پر آنے کے بعد حکومت فوری کارروائی کرتی تو طلبہ کی زندگی کو بچایا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اعلی سطحی تحقیقات کے ذریعہ خاطیوں کو سزاء دی جانی چاہئے۔