امتحانات میں ناکامی پر طالب علم کی خودکشی

حیدرآباد /24 اپریل ( سیاست نیوز ) امتحان میں ناکامی سے دلبرداشتہ ایک طالب علم نے خودکشی کرلی ۔ بھوانی نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ سب انسپکٹر پولیس مسٹر رویندر کے مطابق 18 سالہ ماجد علی نے کل رات یہ انتہائی اقدام کیا ۔ ماجد کے مکان میں تمام افراد خاندان دعوت میں شرکت کیلئے گئے تھے اور رات 10 بجے ماجد کے بڑے بھائی نے اس سے دعوت میں شرکت کیلئے کہا لیکن ماجد چونکہ امتحان میں ناکامی سے ذہنی تناؤ کا شکار تھا ۔ اس نے دعوت میں شرکت سے انکار کردیا ۔ جب صبح کے اولین اوقات 4 بجے افراد خاندان دعوت سے واپس پہونچے تو انہیں پتہ چلاکہ ماجد نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس بھوانی نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔