آج کل بعض لوگوں کو بابا صاحب سے زیادہ ’’بابا بھولے‘‘ کی فکر۔ کانگریس اور راہول کیخلاف مودی کی تنقید
امبیڈکر انٹرنیشنل سنٹر کا افتتاح
نئی دہلی 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جو پارٹیاں بی آر امبیڈکر کے نام پر ووٹ مانگ رہی ہیں، اُنھوں نے قوم کی تعمیر میں اُن کے رول کو مٹانے کی کوشش کی تھی اور امبیڈکر انٹرنیشنل سنٹر کی تعمیر کے لئے بہت کم سعی کی جس کی تجویز 23 سال قبل رکھی گئی تھی۔ مودی نے دارالحکومت کے قلبی علاقہ میں جن پتھ میں سنٹر کا افتتاح کیا اور راہول گاندھی کے اس تبصرے پر طنز بھی کیاکہ وہ شیو کے بھگت ہیں اور کہاکہ بعض پارٹیاں بابا صاحب سے کہیں زیادہ بابا بھولے (لارڈ شیوا) کی بات کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہاکہ امبیڈکر ایسے غیرمعمولی طاقت کے حامل لیڈر رہے کہ تعمیر قوم میں اُن کے فلسفے اور رول کو مٹایا نہیں جاسکتا حالانکہ بعض لوگوں نے کوششیں کی ہیں۔ اُن کے گزرنے کے اتنے برسوں بعد بھی بعض لوگ اُن کے فلسفے کو کچلنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اُن کے نظریات عوام کی یادداشت سے مٹائے نہیں جاسکتے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر وہ ایسا کہیں تو غلط نہ ہوگا کہ اُن کے نظریات سے اُس فیملی سے کہیں زیادہ لوگ متاثر ہیں جس کی طرف سے اُن کی خدمات کو مٹانے کی کوششیں ہوئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ اِس سنٹر کی تعمیر کا خیال 1992 ء میں پیش کیا گیا تھا، پھر 23 سال تک کچھ نہیں ہوا۔ جب ہماری حکومت آئی تب ہم نے نہ صرف اِس کا سنگ بنیاد رکھا (اپریل 2015 ء میں) بلکہ آج اِسے قوم کے نام معنون بھی کررہے ہیں۔ کانگریس اور راہول گاندھی کے خلاف جو صدر پارٹی بننے والے ہیں، وزیراعظم نے کہاکہ امبیڈکر کے نام پر ووٹ مانگنے والی پارٹیاں شائد اِس بات سے تک لاعلم ہیں کہ یہ پراجکٹ معرض التواء تھا۔ یہ مختلف معاملہ ہے کہ وہ لوگ آج کل بابا صاحب سے کہیں زیادہ بابا بھولے کے بارے میں سوچنے لگے ہیں۔ ایسا کرنا بھی ٹھیک ہی ہے۔ نائب صدر کانگریس نے حال ہی میں بی جے پی کی تنقید کے جواب میں لارڈ شیوا کو استعمال کرتے ہوئے گجرات میں اُن کی مندروں کے درشن کئے تھے۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ میں شیو کا بھگت ہوں۔ بی جے پی بھلے ہی کچھ بھی کہے لیکن میں دیانتدار رہوں گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایسی قوتیں ہیں جو ملک کو ذات پات کے خطوط پر تقسیم کرنے کوشاں ہیں۔ ذات پات کی تقسیم سے ترقی کی رفتار رُک جاتی ہے۔ مودی نے افسوس ظاہر کیاکہ امبیڈکر کا سماجی جمہوریت کا خواب جہاں سب کو اپنی رائے ظاہر کرنے کی آزادی رہے گی، ہنوز پورا ہونا ہے۔ مگر مجھے آج کی نسل سے اُمید ہے حالات بدل رہے ہیں، سماج کی بُرائیاں ختم کی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے امبیڈکر انٹرنیشنل سنٹر کے بارے میں کہاکہ یہ دلتوں کے مسیحا کے افکار و تعلیمات کو فروغ دینے کا وسیلہ بنے گا اور سماجی و معاشی مسائل پر ریسرچ کا اہم مقام بن کر اُبھرے گا۔ مودی نے مزید کہاکہ حکومت نے بابا صاحب امبیڈکر سے معلق 5 مقامات کو مقدس مراکز میں تبدیل کیا ہے جو دہلی، ممبئی، ناگپور، مھو اور لندن میں واقع ہیں۔