امبیڈکر کے مجسمہ کی توڑپھوڑپر دلتوں کا احتجاج

پھگواڑہ(پنجاب) 5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے ایک مجسمہ کو بعض نامعلوم افراد نے آج توڑ دیا جس کی وجہ سے دلت برادری کے ارکان نے احتجاج شروع کردیا اور پھگواڑہ ۔ ہوشیار پور قومی شاہراہ پر ٹریفک روک دی ۔ دلت برادری کی افسانوی شخصیت کے مجسمہ کو جو بابائے دستور ہند کہلاتے ہیں ‘ پالاہی گیٹ محلہ کے چمن میں نصب کیا گیا تھا آج صبح یہ مجسمہ ٹوٹا ہوا پایا گیا ۔ ایس ایچ او پرم سنیل سنگھ رندھاوا نے کہا کہ دفعہ 295( زخم پہنچانا یا عبادت گاہ کو نقصان پہنچانا‘ جس کا مقصد مذہب یا کسی طبقہ کی توہین ہو ) قانون تعزیرات ہند کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جو مجسمہ کو توڑپھوڑ کرنے والے نامعلوم افراد کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض مشتبہ افراد کو تفتیش کیلئے حراست میںلیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی گرو روی داس گردوارہ پر جمع ہوگئے تھے اور وہاں سے جلوس کی شکل میں ہوشیار پور روڈ کی سمت جارہے تھے ۔ انہوں نے خاطیوں کی گرفتاری ‘ نقصان زدہ مجسمہ کی تبدیلی ‘ ڈاکٹر امبیڈکر کے دیگر مجسموں کی حفاظت کا مطالبہ کیا جو شہر میں مختلف مقامات پر نصب کئے گئے ہیں ۔ بھولا رائے چوک پر سریندر ڈھنڈے صدر پنجاب امبیڈکر سینا کی زیرقیادت دلتوں نے ٹریفک کا بائیکاٹ کرتے ہوئے خاطیوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ پنجاب امبیڈکر سینا کے قائدین مول نواسی اور ہربھجن سمن ‘ بی جے پی کونسلرس رمیش پول ‘ پرنیما اور ریاستی جنرل سکریٹری بی ایس پی جنرل منگل احتجاج میں شامل تھے ۔