حیدرآباد 27 جنوری ( یو این آئی) امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچانے کے واقعہ کے خلاف دلتوں نے احتجاج کیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع میڑچل کے کیسرا منڈل کے رام پلی گاوں میں پیش آیا۔بتایاجاتا ہے کہ ایک موظف ملازم نے امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا ۔اس کی شناخت چندیاکے طورپر کی گئی ہے ۔کیسرا پولیس کے مطابق ملزم ذہنی طورپر متاثرہے ،اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دلت تنظیموں کے ارکان بڑی تعداد میں وہاں پہنچے اور سڑک پر احتجاج کیا جس کے نتیجہ میں کچھ گھنٹوں کیلئے کشیدگی پھیل گئی۔بعد ازاں پولیس وہاں پہنچی جس نے ملزم کو اپنی تحویل میں لے لیا اور صورتحال کو قابو میں کیا۔