امبیڈکر کی مورتی کو نقصان پہنچا کر ماحول کشیدہ کرنے کی کوشش

جونپور۔2 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش کے ضلع جونپور کے چندق علاقے میں سماج دشمن عناصر نے آئین ساز بابا صاحب بھیم راو امبیڈکر کی مورتی کو توڑ کر علاقے کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے منگل کو بتایا کہ علاقہ کے کسلی گاؤں میں پیر دیر رات شرپسند عناصر نے امبیڈکر کی مورتی کو توڑ دیا۔ مورتی کو نقصان پہنچائے جانے کی اطلاع ملتے ہی وہاں پر موجود لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہو نا شروع ہوگیا۔ اس درمیان پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے موقع پر بھاری فورس کو تعینات کر دیا ہے ۔ ڈپٹی کلکٹر کیراکت اور علاقائی افسر سمیت پولیس اور ضلع انتظامیہ کے اعلی افسران معاملے کو سلجھانے میں لگ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے ۔ احتیاط کے طور پر گاؤں میں پولیس کو تعینات کیا گیا ہے ۔ نئی مورتی لگانے تک سیکورٹی انتظامات میں کوئی ڈھیل نہیں دی جائے گی۔پولیس اس ضمن میں کیس درج کر کے شرارتی عناصر کو تلاش رہی ہے ۔