نئی دہلی ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ محمد حامد انصاری نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی سوانح حیات کی اجرائی کی جس میں امبیڈکر کے طرزفکر اور وقتاً فوقتاً اخذ کی جانے والی حکمت عملیوں کا تذکرہ موجود ہے۔ اس موقع پر حامد انصاری نے کہا کہ وہ مذکورہ کتاب کو دو وجوہات کی بنیاد پر بہت ہی عزیز رکھتے ہیں۔ پہلی وجہ یہ ہیکہ اس کتاب میں بابا صاحب کے طرزفکر اور تحریروں کو یکجا کیا گیاہے اور دوسرے یہ کہ کتاب کے ذریعہ باباصاحب کی شخصیت کے ان گوشوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے جس پر مزید کچھ لکھا جاسکتا ہے۔ کتاب کے مصنف منصوبہ بندی کمیشن کے رکن نریندر جادھو ہیں جس میں انہوں نے بڑی ہی جانفشانی سے بابا صاحب امبیڈکر کی جانب سے کی گئی تقریروں کا احاطہ بھی کیا ہے۔ اس موقع پر نریندر جادھو نے کہا کہ کتاب کا اصل سہرہ مرکزی وزیر جے رام رمیش کے سر بندھنا چاہئے کیونکہ ان کے بار بار اصرار پر میں نے کتاب تحریر کی۔ نریندر جادھو نے 1992 میں باباصاحب امبیڈکر پر اپنی پہلی کتاب تصنیف کی تھی اور کتاب کے اقتباسات کو جے رام رمیش قسط وار ایک اخبار کے کالم میں پیش کیا کرتے تھے اور تب سے ہی جے رام رمیش کی خواہش تھی کہ میں امبیڈکر کی زندگی پر کوئی کتاب تصنیف کروں۔
راجستھان میں شدید بارش اور ژالہ باری
جئے پور ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے شمال جنوبی علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جہاں کوٹہ میں 12.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جے پور میں کل 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ موسم میں خشکی کے باوجود اجمیر، جے پور، پلانی، کوٹہ، چتور گڑھ، اودے پور، برمر، جسلمیر، جودھپور، بیکانیر، چورو اور سری گنگانگر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.8 ڈگری تا 15.8 ڈگری سلسیس کے درمیان نوٹ کیا گیا جبکہ پرفضا مقام ماؤنٹ ابو جہاں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد ہر سال سیاحت کیلئے آتی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سلسیس نوٹ کیا گیا۔ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی وجہ سے ربیع کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔