حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) خیریت آباد میں ڈاکٹر امبیڈکر کے نصب کردہ مجسمہ کو نکال دینے کے خصوصی احتجاج کرنے والے کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ اور دوسروں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ وی ہنمنت راؤ مجسمہ کو دوبارہ نصب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ سابق ایم ایل سی راملو نائیک اور دوسرے موجود تھے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ امبیڈکر جینتی سے قبل نصب کردہ مجسمہ کو نکال کر کچرا دان میں پھینک دیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ امبیڈکر کی توہین ملک کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ عوام سے معذرت خواہی کرتے ہوئے مجسمہ کو دوبارہ نصب کرے۔ انہوں نے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔جی ایچ ایم سی نے وضاحت کی ہیکہ آؤٹ سورسنگ پر کام کرنے والے دو افراد نے مجسمہ ہٹایا تھا۔