امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار کو اقلیتی کمیشن کی نوٹس

ڈگری اردو میڈیم کی برخاستگی پر وضاحت طلبی ، 28 جولائی کو حاضر ہونے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے رجسٹرار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی پروفیسر سی وینکٹیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 28 جولائی کمیشن میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ۔ یونیورسٹی میں اردو میڈیم کورسس کی برخواستگی سے متعلق درخواست کی وصولی کے بعد کمیشن نے یونیورسٹی حکام سے ربط قائم کیا۔ صدرنشین محمد قمرالدین نے وائس چانسلر سیتا راما راؤ اور رجسٹرار سی وینکٹیا سے فون پر بات چیت کی ۔ انہوں نے اردو میڈیم کورسس کی بحالی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں جہاں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے ، ریاستی یونیورسٹی کس طرح طلبہ کو اردو میڈیم سے محروم رکھ سکتی ہے۔ رجسٹرار نے تمام تفصیلات کے ساتھ 28 جولائی کو حاضر ہونے سے اتفاق کرلیا ۔ صدرنشین نے کہاکہ یونیورسٹی میں موجود تمام ذریعہ تعلیم کی تفصیلات کمیشن کو پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر کمیشن چیف منسٹر سے نمائندگی کرے گا اور اردو میڈیم کورسس کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے اردو میڈیم امیدواروں سے ہرگز ناانصافی نہیں ہوگی۔ کمیشن کو الطاف محی الدین ایڈوکیٹ نے شکایت کی اور اوپن یونیورسٹی حکام سے وضاحت طلب کرنے کی اپیل کی۔ کمیشن کو یونیورسٹی سے وضاحت طلبی کا حق حاصل ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے اعلامیہ میں صرف انگلش اور تلگو کا ذکر کیا ہے۔