ڈپٹی چیف منسٹر کو غلط باور کروانے کی کوشش ، یونیورسٹی حکام کی جھوٹ بیانی آشکار
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی جانب سے اردو میں انڈر گریجویٹ کورسس کو ختم کرنے کا تلنگانہ حکومت نے سخت نوٹ لیا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اس سلسلہ میں وائس چانسلر سیتا راما راؤ سے ربط قائم کیا لیکن افسوس کہ وائس چانسلر نے حقائق قبول کرنے کے بجائے انہیں یہ کہتے ہوئے گمراہ کرنے کی کوشش کی کہ گزشتہ دو سال سے اردو میڈیم کورس برقرار ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے وائس چانسلر کو ہدایت دی کہ وہ اس مسئلہ پر حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان سے رجوع ہوں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بہت جلد جائزہ اجلاس منعقد کریں گے جس میں یونیورسٹی حکام کے علاوہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیدار موجود رہیں گے۔ محمد محمود علی نے آج اردو میڈیم انڈر گریجویٹ کورسس کے سلسلہ میں سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور سے بات چیت کی ۔ پروفیسر شکور نے بتایا کہ گزشتہ سال اسی مسئلہ پر وائس چانسلر کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا تھا اور انہوں نے اردو نصابی کتب کی عدم موجودگی کا بہانہ بنایا تھا ۔ نظام کتب کے ترجمہ کا کام مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن نامعلوم وجوہات کے سبب یہ کام مکمل نہ ہوسکا ۔ جاریہ سال بی ایس سی ، بی اے اور بی کام انڈر گریجویشن کورسس میں داخلوں کے اعلامیہ کی اجرائی کے بعد روزنامہ سیاست نے اردو کورسس ختم کرنے کے فیصلہ کو بے نقاب کیا تھا ۔ سیاست کے انکشاف کے فوری بعد اردو داں حلقہ میں بے چینی پھیل گئی اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے وائس چانسلر سے بات چیت کی۔ وائس چانسلر نے اردو میڈیم کی برقراری کا دعویٰ کیا لیکن یونیورسٹی کی ویب سائیٹ ان کے دعویٰ کی نفی کر رہی ہے۔ کیا وائس چانسلر یونیورسٹی کے جاری کردہ اعلامیہ سے لاعلم ہے یا پھر انہوں نے جان بوجھ کر گمراہ کرنے کی کوشش کی تاکہ تنازعہ کو کسی طرح ٹالا جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے بھی آج وائس چانسلر سے ربط قائم کیا تو انہوں نے اردو میڈیم کورسس کی برخواستگی کی تردید کی ۔ حقیقت یہ ہے کہ 13 جولائی کو یونیورسٹی نے تین انڈر گریجویشن کورسس میں آن لائین داخلوں کے لئے اعلامیہ جاری کیا جو ویب سائیٹ پر موجود ہے۔ اعلامیہ میں ذریعہ تعلیم کے کالم میں انگلش اور تلگو درج کیا گیا ہے جبکہ اردو کا کہیں بھی تذکرہ نہیں ہے۔ تینوں کورسس میں داخلوں کی آخری تاریخ 9 ۔ اگست ہے۔ جبکہ دیرینہ فیس کے ساتھ 12 ستمبر تک آن لائین درخواستیں داخل کی جا سکتی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ اگر یونیورسٹی درخواست کرے تو محکمہ اقلیتی بہبود نصابی کتب کا اردو میں ترجمہ فراہم کرے گا۔ اس سلسلہ میں اردو اکیڈیمی کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے ۔ حیرت اس بات پر ہے کہ وائس چانسلر نے ڈپٹی چیف منسٹر کو غلط معلومات فراہم کیں جبکہ ویب سائیٹ پر اعلامیہ موجود ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ویب سائیٹ کا جائزہ لینے کے بعد حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ جائزہ اجلاس میں اس مسئلہ کو پیش کریں گے۔