وقفہ سوالات کے دوران وزارت پسماندہ طبقات کا جواب
حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی امبیڈکر اوورسیز اسٹڈیز اسکیم برائے ایس سی ایس ٹی طلبہ میں جملہ 268 طلبہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے جو بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے اہل قرار پائے ہیں جن کی فیس کی پابجائی حکومت کی جانب سے کی جائے گی۔ وقفہ سوالات کے دوران ارکان اسمبلی مسٹر کشور کمار، مسٹر اے رمیش، مسٹر جی بالا راجو کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت پسماندہ طبقات کی جانب سے یہ بات بتائی گئی۔ حکومت کی جانب سے دیئے گئے جواب میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ 268 ایس سی اور 68 ایس ٹی طلبہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے اور اِن طلبہ کو اہلیتی امتحان کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیم کے لئے بیرون ملک روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اِس منصوبہ کے تحت طلبہ کو ہنرمند بنانے اور اُن کی صلاحیتوں میں اضافہ کے اقدامات کئے جاسکیں۔ حکومت نے ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے یہ اسکیم روشناس کروائی ہے اور اِس میں اہلیتی امتحان کی بنیاد پر طلبہ کا انتخاب عمل میں لایا جارہا ہے جو ایس سی طلبہ ہیں اُن کے انتخاب کا یہ طریقہ کار ہے جبکہ ایس سی طلبہ جو TOFEL / IELTS کے علاوہ GRE/GMAT تحریر کرتے ہوئے بیرون ملک جامعات میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں، اُن کا انتخاب عمل میں لایا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے بموجب تاحال 536 ایس سی طلبہ اور 443 ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا انتخاب عمل میں لاتے ہوئے اُنھیں داخلے دلوائے گئے ہیں اور یہ اعداد اسکیم کے آغاز سے اب تک کے ہیں۔