پھولپور کے نومنتخب ایم پی ناگیندر سنگھ نے احتجاج درج کرایا
الہ آباد، 31مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں الہ آباد کے جھونسی علاقے میں ملک کے دستور ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی آج ایک مورتی ٹوٹی دیکھ کر علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ لوگوں نے جھونسی علاقہ کی تروینی پورم کالونی میں صبح بابا صاحب کی ٹوٹی مورتی دیکھی۔یہ خبر پھیلتے ہی علاقے کی صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ پھولپور سے سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے نومنتخب رکن پارلیمنٹ ناگیندر سنگھ پٹیل سمیت سینکڑوں لوگ وہاں پہنچ گئے ۔ بھیڑ نے مورتی کی فوری تبدیلی اور ملزمان کی جلد ازجلدگرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ برسراقتدار حکومت بابا صاحب پر سیاست تو کر رہی ہے لیکن ان کی مورتیوں کا تحفظ نہیں کرپا رہی ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ (گنگاپار) سنیل سنگھ نے یہاں بتایا کہ جھونسی کی مذکورہ کالونی میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی مورتی کل دیر رات کسی وقت سماج دشمن عناصر نے توڑ دی ،جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے ۔ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے اضافی پولیس نفری بلائی گئی ہے ۔ انہوں نے مشتعل لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی۔سنیل سنگھ نے بتایا کہ ٹوٹے مجسمہ کی جگہ نئی مورتی لگائی جا رہی ہے ۔ اس سلسلہ رپورٹ درج کر لی گئی ہے ۔سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کی جارہی ہے ، اور انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔