عوامی شعبہ کی صنعتیں تباہ ، سرمایہ داروں کی لوٹ : کنہیا
حیدرآباد۔یکم۔اکٹوبر(سیاست نیوز) نریند ر مودی اپنے دوست امبانی کو یومیہ 300 کروڑ کا منافع پہنچا رہے ہیں اور اس منافع خوری کی برقراری کیلئے فکری فرقہ واریت کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ حکومت ہند عوامی شعبہ کی کمپنیوں کو تباہ کرتے ہوئے خانگی کمپنیو ںکو فائدہ پہنچانے میں مصروف ہے اور اس جانب عوام کی توجہ نہ جائے اس کے لئے دیگر مسائل میں عوام کو الجھائے رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب جیو موبائیل کمپنی کے ذریعہ 4G کی شروعات کی گئی تو اس وقت بی ایس این ایل بھی 4G کے آغاز کا متحمل تھا لیکن بی ایس این ایل کواجازت نہیں دی گئی بلکہ Jio کو بی ایس این ایل کے انفراسٹرکچر کے ذریعہ 4G کے آغاز کا موقع فراہم کیا گیا جو کہ ایک اسکام ہے۔مسٹر کنہیا کمارنے کہا کہ جب جیو کے اسکام کا انکشاف ہوگا تو وہ 2G سے بڑا اسکام ثابت ہوگا کیونکہ 2Gمیں صرف اسپکٹرم فروخت کئے گئے تھے جبکہ 4G معاملہ میں بی ایس این ایل کا مکمل انفراسٹرکچر Jio کو کرایہ پر دے دیا گیا۔انہو ںنے بتایا کہ جو لاکھوں کروڑ لیکر ملک سے فرار ہوئے ہیں ان کے متعلق نریندر مودی خاموش ہیں اور وزارت فینانس اور بی جے پی کے بیانوں میں تضاد ہے جبکہ ہندستان کے بینکوں کی صورتحال دیکھیں تو یہ بات سامنے آئے گی کہ بینکوںمیں 10 لاکھ کروڑ کے غیر کارکرد کھاتے ہیں ۔انہو ںنے بتایا کہ اگر موجودہ حالات میں کھاتہ دار اپنی رقومات نکالنے لگ جائیں تو بینکوں کے دیوالیہ نکل جائیں گے اور بینک شہریوں کی جمع کردہ رقم ادا نہیں کرسکیں گے۔انہو ںنے بتایا کہ ملک میں 12ہزار کسانوں نے ایک سال کے دوران خودکشی کی ہے اور حکومت کی پالیسی سے ان کسانو ں کو بیمہ دینے والی کمپنی کو 10ہزار کروڑ کا فائدہ پہنچا ہے۔9ہزار کروڑ کے خرچ سے مشنری خریدی جاتی ہے تو ملک میں انسانوں کے ذریعہ ڈرینیج کی صفائی کے عمل کو بندکیا جاسکتا ہے لیکن 9ہزار کروڑ تو وجئے مالیا لیکر فرار ہوگیا۔کنہیا نے کہا کہ عوام کو ظاہری وار اور حملہ نظر آرہے ہیں لیکن ملک بھر میں کرنسی تنسیخ کے بعد لاکھوں لوگوں کے پیٹ پر پڑنے والی لات کسی کو نظر نہیں آرہی ہے اسے دیکھنے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ ہمارے ذہنوں پر لگی گرہیں کھل سکیں۔انہو ںنے طنزکرتے ہوئے مودی کو کہا کہ وہ انسان کو منگلیان (خلاء ) میں بھیجنے سے پہلے ڈرینیج سے باہر نکالنے کے اقدامات کریں ۔