نئی دہلی 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) تین ہندوستانی مکیش امبانی ‘ عظیم پریم جی اور دلپ سنگھوی نے دنیا کے 50 دولت مند ترین افراد کی فہرست میں جگہ حاصل کرلی ہے ۔ اس فہرست میں اول مقام بل گیٹس کو حاصل ہے ۔ ویلت ۔ ایکس کی جانب سے جاری کردہ تازہ فہرست میں مکیش امبانی کو دنیا کے پچاس دولت مند ترین افراد کی فہرست میں 27 واں مقام حاصل ہوا ہے جن کی جملہ دولت 24.8 بلین ڈالرس کی ہے جبکہ عظیم پریم جی کو 16.5 بلین ڈالرس کی دولت کے ساتھ 43 واں اور دلیپ سنگھوی کو 16.4 بلین ڈالرس کی دولت کے ساتھ 44 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے 50 دولت مند ترین افراد کی جو جملہ دولت ہے وہ 1.45 ٹریلین کی مشترکہ دولت ہے ۔ یہ دولت تقریبا آسٹریلیا کی جملہ گھریلو پیداوار کے مساوی ہے ۔ اس فہرست میں اول مقام بل گیٹس کو حاصل ہے جن کی جملہ دولت 87.4 بلین ڈالرس کی ہے جبکہ دوسرا مقام اسپین کے تاجر امان شیو اورٹیگا گاؤنا ہیں اور تیسرے مقام پر وارن بفیٹ ہیں۔ اسپینی تاجر کی دولت 66.8 بلین ڈالرس کی اور بفیٹ کی دولت 60.7 ملین ڈالرس کی ہے ۔ امیزان کے جیفری بیزوس 56.6 بلین ڈالرس کے ساتھ اور امریکی تاجر ڈیوڈ کوچ 47.4 بلین ڈالرس کی دولت کے ساتھ ٹاپ 5 میں جگہ حاصل کرسکے ہیں۔