امام مسجد نبوی اور سعودی سفیر سے محمد سلیم کی ملاقات

صدرنشین وقف بورڈ کی عازمین حج و عمرہ کے انتظامات پر بات چیت
حیدرآباد۔8 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے امام الشیخ احمد طالب بن حمید سے ملاقات کی۔ افراد خاندان کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے بعد محمد سلیم نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ و سلم پر حاضری کا شرف حاصل کیا بعد میں انہوں نے مسجد نبوی کے امام احمد طالب بن حمید سے ملاقات کرتے ہوئے دعائیں حاصل کیں۔ امام مسجد نبوی سے صدرنشین وقف بورڈ نے مسلمانوں کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ امام مسجد نبوی نے محمد سلیم کو دعا دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ محمد سلیم نے انہیں دورۂ حیدرآباد کی دعوت دی۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ نے سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر احمد جاوید سے ملاقات کرتے ہوئے عمرہ اور حج کے موقع پر ہندوستانی عازمین کے لیے انتظامات پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ حج 2018ء میں ہندوستانی حاجیوں کو طویل فاصلے پر قیام سے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے 2019ء میں حرم کے قریب رہائش کا انتظام کرنے کی خواہش کی۔ محمد سلیم نے عمرہ کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب کی نئی شرائط سے ہندوستانی عازمین کو مستثنیٰ قرار دینے کے لیے نمائندگی کی خواہش کی۔ ہندوستانی سفیر نے محمد سلیم کو اس سلسلہ میں حکومت سعودی عرب سے نمائندگی کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حج اور عمرہ کے عازمین کے لیے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے لیے انتظامات میں ہر سال بہتری ہورہی ہے۔ حکومت سعودی عرب نے مکہ مکرمہ تا مدینہ منورہ ٹرین کا پراجیکٹ مکمل کرلیا ہے جس سے عازمین حج طویل سفر کی زحمت سے بچ جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تلنگانہ ریاست کی ترقی، چیف منسٹر کے سی آر کی صحت اور انتخابات میں دوبارہ کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔ محمد سلیم نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران کئی معززین سے ملاقات کی۔ وہ کل 9 اکٹوبر کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔