سرینگر۔30ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین اور متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ مولوی عمر فاروق نے شہدائے کربلا خاص طور پر نواسہ رسول مقبول آنحضرت (ص) سیدنا حضرت امام حسینؓ کی عظیم اور تاریخ ساز قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی عقائد ، تعلیمات اور بنیادی نظریات کے تحفظ کیلئے 61ہجری میں حضرت امام عالی مقام نے اپنے جانثار رفقاء کے ہمراہ انتہائی مظلومیت اور بے کسی کی حالت میں جس سرفروشی اور قربانی کا مظاہرہ کیا وہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے رہنمائی فراہم کرتی رہے گی۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے سے انکار کرکے تا قیام قیامت حق و صداقت کے علم کو بلند رکھ کر حق پسندوں کے لئے ایک درخشاں مثال قائم فرما دی۔ انہوں نے کہاکہ شہدائے کربلا کی بے مثال قربانیاں پوری ملت کیلئے نقش راہ کی حیثیت رکھتی ہیں کیونکہ حضرت امام عالی مقام نے کربلا کے تپتے ریگستان میں شہادت پیش کرکے اسلام اور انسانیت کی نجات کا ایک روشن عنوان رقم کیا۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت امام عالی مقام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم باطل افکار و نظریات اور وطن عزیز جموں وکشمیر میں سرکاری دہشت گردی، قتل وغارت اور ظلم و جبر کے سامنے جھکنے کے بجائے حق و صداقت کے پرچم کو ہر حال میں بلند رکھنے کیلئے اپنی مقدور بھر کوششوں میں تیزی لائیں اور جب بھی اور جہاں بھی باطل قوتیں سر اٹھائیں تو حق و صداقت کی سربلندی کے لئے حسینی پیروکار بن کر ان کے خلاف صف آرا ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت سوز مظالم اور جبر و قہر کے استبدادی حربوں کے سامنے جھکنا ہرگز حسینیت نہیں ہے ۔