نئی دہلی 28جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج واضح کیا کہ الیکٹرو ہومیوپیتھی تسلیم شدہ طبی پریکٹس نہیں ہے اس لئے اس سے وابستہ افراد اپنے نام کے ساتھ ڈاکٹر کا لفظ استعمال نہ کریں اور نہ ہی اس طریقہ کار سے کسی کاعلاج کیا جانا چاہئے ۔لوک سبھا میں وزیرمملکت برائے صحت انوپریا پٹیل نے ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہاکہ الیکٹروہومیوپیتھی مسلمہ اور روایتی طبی پریکٹس نہیں ہے ۔ اسے تسلیم کرنے کے سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور کمیٹی کی رپورٹ پر غور کرنے کے بعد ہی اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علاج کا طریقہ کار ریاستوں کا موضوع ہے اور انہیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اس طریقہ کار سے اس وقت تک کسی کا علاج نہ کیا جائے جب تک مرکزی کمیٹی اسے منظورکرنے کی بابت اپنی سفارشات پیش نہیں کر دیتی اور حکومت نے اسے اب تک تسلیم نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسے تسلیم کرنے کے لئے متعددامور پر غور کیا جا رہا ہے لیکن ابھی تک اسے منظوری نہیں دی گئی ہے ۔