الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی کا جائزہ

شہر حیدرآباد میں انتخابی تیاریاں تیز ، غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا
حیدرآباد۔2اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے مجوزہ انتخابات کے دوران شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والی رائے دہی میں استعمال کئے جانے والے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پی اے ٹی مشینوں کی کارکردگی کا آج سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں جائزہ لیا گیا اور انہیں انتخابی عمل کے متعلق واقف کرویا گیا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادو ضلع الکٹورل آفیسر مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے حدود میں ہونے والے انتخابی عمل کے سلسلہ میں تیاریاں عروج پر ہیں اور مراکز رائے دہی پر رائے دہندوں کی سہولت کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سیاسی نمائندوں کی موجودگی میں انجام دی گئی تمثیلی رائے دہی کے دوران الکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پی اے ٹی کی کارکردگی سے واقف کرویا گیا ۔ EVM کی کارکردگی کے مظاہرہ کے موقع پر کانگریس کے سرکردہ قائد مسٹر ایم ششی دھر ریڈی کے علاوہ تلگو دیشم گریٹر حیدرآباد صدر مسٹر ایم این سرینواس اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین موجود تھے۔ مسٹر دانا کشور نے اس موقع پر موجود سیاسی قائدین سے تبادلۂ خیال کے دوران کہا کہ انتخابی عملہ کی جانب سے غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے علاوہ رائے دہی و انتخابی عمل کے دوران عوام کوکوئی مشکلات نہ پیش آئیں اس طرح کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے عوام میں شعور بیداری مہم چلائی جا رہی ہے اور اس کے لئے 19گشتی گاڑیاں تیا رکی گئی ہیں جن میں انتخابی عمل سے واقف عملہ کو رکھا جائے گا تاکہ وہ عوام کے درمیان پہنچ کر انہیں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے طریقہ کار سے واقف کروانے کے علاوہ رائے دہی کی اہمیت سے واقف کروائے گا۔حیدرآباد ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر و کمشنر جی ایچ ایم سی کے علاوہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی کا مشاہدہ کرنے والے عہدیداروں میں مسزہری چندنا آئی اے ایس‘ مسٹر جئے راج کینیڈی ‘ مسٹر ضیاء الدین چیف انجینئر کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں انتخابات کو پر امن اور بہتر انداز میں منعقد کرنے کے لئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان میں سب سے اہم معذورین کے لئے فراہم کی جانے والی سہولتیں ہیں ۔ انہو ںنے مزید بتایا کہ شہر حیدرآباد میں رائے دہی کے عمل کو شفاف بنانے کے عمل پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ غیر جانبداری اور دیانتداری کے ساتھ انتخابی عمل مکمل ہو سکے۔ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پی اے ٹی پر تمثیلی رائے دہی کے دوران انہو ں نے دعوی کیا کہ EVMکے متعلق کوئی شبہ کیا جانا درست نہیں ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ وکٹری پلے گاؤنڈ انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی تمثیلی رائے دہی کے دوران موجود سیاسی جماعتوںکے نمائندوں نے بھی الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ضلع حیدرآباد میں جاری انتخابی تیاروں کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کرتے ہوئے عوام میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے متعلق شعور اجاگر کرنے کی خواہش کی ۔