الیکٹرانک میڈیا کو کچل دینے شنڈے کی دھمکی

ایک گوشہ مخالف کانگریس پروپگنڈے میں مصروف

شولاپور۔ 24 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے اُس وقت ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا جب انھوں نے الیکٹرانک میڈیا کو کچل دینے کی دھمکی دی۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا کا ایک گوشہ کانگریس پارٹی کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کرتے ہوئے اُسے غیرضروری مشتعل کررہا ہے ۔ کانگریس لیڈر سشیل کمار شنڈے ضلع شولا پور میں کل رات یوتھ کانگریس کے ایک پروگرام میں اچانک برہم ہوگئے ۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے الیکٹرانک میڈیا کا ایک گوشہ اُن کی اور اُن کی پارٹی کی خبروں کو توڑ مروڑ کر پیش کررہا ہے ۔ اُنھوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی رپورٹنگ فوری طورپر نہ روکی گئی تو وہ الیکٹرانک میڈیا کو کچل دیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا میں عام طورپر جو کچھ ہورہا ہے اُن سے وہ پوری طرح باخبر ہیں ۔ وہ الیکٹرانک میڈیا میں ایسے عناصر کو کچل دیں گے جو جھوٹے پروپگنڈہ سے باز نہ آئے ۔شنڈے نے کہا کہ انٹلیجنس ڈپارٹمنٹ اُن کے تحت ہے اور اُنھیں معلوم ہے کہ یہ حرکتیں کون کررہا ہے۔ بعض طاقتیں اس کے پس پردہ ہے۔ شنڈے کا یہ ریمارک قومی اور علاقائی میڈیا میں سلسلہ وار اوپنین پول کے پس منظر میں سامنے آیا جس میں مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے انتہائی ناقص مظاہرہ کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔