حیدرآباد۔ /27اگسٹ، ( این ایس ایس ) ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) نے تمام بینکوں پر زور دیا ہے کہ وہ الیکٹرانک بینکنگ معاملتوں پر کڑی نظر رکھیں۔ آر بی آئی کے رابطہ کار برائے تلنگانہ و آندھرا پردیش این کرشنا موہن نے آج یہاں آر بی آئی دفتر پر علاقائی ڈائرکٹر کے آر داس کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان دونوں ریاستوں میں رواں سال 4,477شکایات موصول ہوئی ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلہ 4فیصد زائد ہیں۔ انہوں نے اے ٹی ایم، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے استعمال کے دوران پیدا ہونے والی مختلف مشکلات کے بارے میں شکایات اور دھوکہ دہی کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ الکٹرانک کارڈز کے استعمال کنندگان کی غفلت بھی ان مسائل کے اضافہ کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے تمام صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ بالخصوص الکٹرانک کارڈز کے استعمال کے موقع پر غیر معمولی چوکسی اختیار کریں تاوقتیکہ کارڈ کے استعمال کنندگان مختلف دکانات، تجارتی ادارہ جات اور اے ٹی ایمس پر چوکس نہیں رہتے ایسے مسائل میں کمی نہیں کی جاسکے گی۔ آر بی آئی عہدیداروں نے اعتراف کیا کہ الکٹرانک معاملتوں کے دوران دھوکہ دہی کی شکایات میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر آر بی آئی نے تمام بینکوں کو عصری نگرانی نظام پر مبنی آلات نصب کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کے اعادہ کو روکا جاسکے۔