الیکشن کمیشن کا ای وی ایمس چیلنج  سی پی آئی کو شرکت کا موقع نہ دینے پر تنقید

حیدرآباد 3 جون ( این ایس ایس ) سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر ان کی پارٹی کو موقع نہ دئے جانے پر شدید تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے صحتمدانہ اصولوں کے خلاف الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا تھا ۔ الیکشن کمیشن کے انڈر سکریٹری مدھوسدن گپتا کے نام ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے سی پی آئی لیڈر نے ای وی ایم چیلنج پروگرام میں سی پی آئی کے نمائندوں کو شرکت کی اجازت نہ دینے پر شدید اعتراض کیا ۔ یہ پروگرام آج دہلی میں منعقد ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کمیشن ایک پریس نوٹ کی بات کر رہا ہے لیکن کمیشن نے جو دعوت نامہ روانہ کیا تھا اس میں یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ صرف ان جماعتوں کو شرکت کا موقع دیا جائیگا جو یہ ظاہر کرنے کیلئے حصہ لینگی کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارٹی سے انتخابی عمل کو مستحکم کرنے کیلئے تعاون و اشتراک کی اپیل کی تھی تاکہ انتخابی نظام کوشفاف اور قابل بھروسہ بنایا جاسکے ۔ کمیشن نے جس طرح ای وی ایم کے چیلنج کا اہتمام کیا تھا وہ خود کمیشن کے دعوت نامہ کے جذبہ کے مغائر ہے ۔ کمیشن کا رویہ قابل مذمت ہے ۔