انتخابات کو آزادانہ ‘ منصفانہ اور قابل بھروسہ بنانا ترجیح : نئے چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کا بیان
نئی دہلی 2 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے کہا کہ کمیشن کی جانب سے پہلے ہی آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی ترجیح یہی ہے کہ ملک کو منصفانہ ‘ قابل بھروسہ ‘ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات فراہم کئے جائیں۔ مسٹر اروڑہ نے آج چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن میں داخلی تیاریوں کا کچھ وقت قبل آغاز ہوگیا ہے ۔ ہم تمام محاذوں پر تیاری کر رہے ہیں چاہے یہ فہرست رائے دہندگان ہو ‘ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہوں یا پھر وی وی پیاٹ ہوں۔ ہم اس بات کو بھی یقینی بنانے کوشاں ہیں کہ ہمارے سپاہیوں کو بھی رائے دہی کی سہولت مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے تمام ذمہ داران اس معاملہ میں سیاسی جماعتوں سے ‘ سیول سوسائیٹی ارکان سے ‘ رضاکارانہ تنظیموں سے ‘ میڈیا اداروں سے اور ان تمام سے جو انتخابات میں اہم رول رکھتے ہیں تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ مسٹر اروڑہ نے کہا کہ وہ انتہائی ذمہ داری کے احساس کے ساتھ چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے تمام ذمہ داران کو چاہئے کہ وہ اپنی بہترین کاوشوں کو جاری رکھیں اور سماج کے تمام طبقات کی توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے ۔ ہم کو دستور ہند کو ذہن میں رکھتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
مسٹر اروڑہ نے اب تک کے الیکشن کمشنران اورچیف الیکشن کمشنران کی جانب سے انجام دی گئی خدمات کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ہر ایک کے تجربہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے کام کرنے کی کوشش کی جائیگی کیونکہ ساری جمہوری دنیا کی نظریں کمیشن پر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو دوسرے ممالک بھی جمہوریت کی سمت آرہے ہیں وہ بھی کمیشن کی سمت توقعات کے ساتھ دیکھ رے ہیں۔ سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر اومیش سنہا کی قیادت میں جاریہ سال جنوری میں انتخابی ضابطہ اخلاق میں تبدیلیوں کا جائزہ لینے قائم کی گئی کمیٹی کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ انہیں یہ تیقن دیا گیا ہے کہ یہ رپورٹ جاریہ ڈسمبر کے ختم تک پیشکردی جائیگی تاکہ کمیشن اس رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے تمام درکار اور ضروری اقدامات کرسکے ۔