الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا

نئی دہلی میں اعلی سطح کا اجلاس ۔ 10 اکٹوبر کو کمیشن ٹیم کی آمد کا امکان
حیدرآباد 5 اکٹوبر( این ایس ایس ) الیکشن کمیشن امکان ہے کہ 10 اکٹوبر کو اپنی ایک ٹیم روانہ کریگا تاکہ ریاست میں انتخابی تیاریوں کا دوبارہ جائزہ لیا جاسکے ۔ چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے آج دہلی میں پانچ ریاستوں میں انتخابات کے مسئلہ پر ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا ۔ ان ریاستوں میں جاریہ سال انتخابات ہونے والے ہیں۔ تلنگانہ سے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے شرکت کی اورریاست میںانتخابی تیاریوں سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی ۔ الیکشن کمیشن نے اجلاس میں موجود چیف الیکٹورل آفیسروں سے انتخابات منعقد کرنے کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ کمیشن نے شخصی طور پر انتخابی تیاریوں کے علاوہ فہرست رائے دہندگان ‘ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں ‘ وی وی پیاٹس اور دوسرے سکیوریٹی انتظاما ت کے تعلق سے سوالات کئے ۔ راوت نے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج اور حذف کئے گئے ناموں کے تعلق سے بھی معلومات حاصل کئے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف الیکٹورل آفیسروں نے تمام نوجوان اور اہل رائے دہندوں کو فہرست میں اپنے نام شامل کروانے کا موقع دیا ہے ۔ سمجھا جارہا ہے کہ تمام ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسروں نے بھی الیکشن کمیشن کو تمام تفصیلات سے اور عوام کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے اعتراضات اور ادعا جات کی تفصیلات سے واقف کروایا ہے ۔ سمجھا جارہا ہے کہ او پی راوت نے انتخابی عملہ کیلئے ای وی ایم اور وی وی پیاٹ کی تربیت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔