اقلیتی بہبود کی جاریہ اسکیمات پر عمل آوری پر روک
حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے اقلیتی بہبود کی جاریہ اسکیمات پر عمل آوری پر روک لگادی ہے۔ مجالس مقامی اور اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب جاریہ اسکیمات پر عمل آوری نہیں کی جاسکتی۔ اس سلسلہ میں چیف الیکٹورل آفیسر نے محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایات روانہ کی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنمایانہ خطوط کی بنیاد پر الیکٹورل آفیسر نے وضاحت کی کہ استفادہ کنندگان کو انفرادی فائدہ سے متعلق کسی بھی اسکیم پر عمل آوری نہیں کی جاسکتی۔ الیکشن کمیشن کی اس ہدایات کے بعد اقلیتی فینانس کارپوریشن اور اردو اکیڈیمی کی جاریہ اسکیمات پر عمل آوری روک دی جائے گی ۔ بینکوں سے قرض کی منظوری پر سبسیڈی کی اجرائی سے متعلق اسکیم پر عمل آوری روک دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ اردو اکیڈیمی کی بعض اسکیمات کو ضابطہ اخلاق کے اختتام تک روکنا پڑے گا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے سیاست کو بتایا کہ محکمہ کی اسکیمات کے بارے میں الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کی گئی تھی کہ جس کے جواب میں کمیشن نے عمل آوری پر روک لگانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی ایسی اسکیم جس سے انفرادی طور پر کسی کو فائدہ پہنچے اس پر عمل نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم کمیشن نے مرکزی حکومت کی ہمہ مقصدی ترقیاتی پروگرام (ایم ایس ڈی پی) کیلئے بجٹ کی اجرائی کی اجازت دی ہے۔ اس اسکیم کے تحت اقلیتوں کی زائد آبادی والے علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی اسکیمات پر عمل کیا جاتا ہے۔ مرکز نے اس اسکیم کے تحت 16 کروڑ 46 لاکھ روپئے جاری کئے تھے۔
کمیشن نے اس رقم کو متعلقہ اضلاع کے لئے جاری کرنے کی اجازت دی ۔ تاہم تعمیری کاموں کا آغاز 28 مارچ کے بعد ہوگا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب اقلیتی بہبود کے چوتھے سہ ماہی بجٹ کی اجرائی میں بھی رکاوٹ پیدا ہوچکی ہے۔ چوتھے سہ ماہی کے تحت بجٹ کا کچھ حصہ جاری کردیا گیا تاہم اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے منظوری حاصل کی جارہی ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب اقلیتی فینانس کارپوریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ سبسیڈی کی فراہمی سے متعلق اسکیم کی کارروائی کو مکمل کرلیا جائے اور ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد سبسیڈی کی رقم جاری کی جائے۔ بینکوں کی جانب سے امیدواروں کو قرض کی منظوری سے متعلق کارروائی پر کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ تاہم کارپوریشن سبسیڈی کی رقم جاری نہیں کرے گا۔ واضح رہے کہ حکومت نے اس اسکیم کے تحت 26,620 امیدواروں کو 100 کروڑ روپئے سبسیڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے مرحلہ کے تحت 4175 امیدواروں میں 11 کروڑ 12 لاکھ 89 ہزار روپئے کی سبسیڈی جاری کی گئی۔ ابھی تک مختلف اضلاع سے 10,137 امیدواروں کو بینکوں نے قرض کی اجرائی سے اتفاق کیا ہے۔ ان کی سبسیڈی کی رقم 47 کروڑ 99 لاکھ 93 ہزار ہوگی۔ کارپوریشن میں سبسیڈی کیلئے 31,597 درخواستیں آن لائین داخل کی گئی ہیں۔