صدر امریکہ اوباما کی مبارکباد، پارلیمنٹ کی دو تہائی نشستوں پر قبضہ
واشنگٹن ۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا ۔ پیسیفک خطہ میں امریکہ ۔ جاپان اتحاد و امن اور خوشحالی کی علامت ہے۔ انہوں نے یہ بات جاپان کے وزیراعظم شینزوابے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہی جو مسلسل تیسری بار وزیراعظم کے عہدہ کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔ اوباما نے کہا کہ صدر اور امریکی عوام کی جانب سے ہم شینزوابے کو لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔ اوباما نے کہا کہ ہم شینزوابے کی مستحکم قیادت کی ستائش کرتے ہیں جہاں ہمیں علاقائی اور عالمی معاملات میں ان کے تعاون کی ضرورت ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی جس میں فلپائن میں آئے طوفان سے متاثرہ افراد کو امداد، ایبولا وائرس سے نجات حاصل کرنے کے اقدامات سے لیکر دولت اسلامیہ سے لڑائی شامل ہیں۔ امریکہ اس بات کا خواہاں ہیکہ جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید پختہ بنائے تاکہ عالمی سطح پر سیکوریٹی کو یقینی بنایا جاسکے اور اس کیلئے ہمیں جاپان سے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔ دنیا آج دہشت گردی کے دہانہ پر کھڑی ہے اور دنیا کا ہر ملک چاہے وہ ترقی یافتہ ہو یا ترقی پذیر، اپنے آپ کو دہشت گرد تنظیموں کے آگے گھٹنے ٹیکتا محسوس کرتا ہے۔ ہم بھی دنیا کو دکھادیں گے کہ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کس طرح کیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ 60 سالہ شینزوابے نے اپنی چار سالہ میعاد کے صرف دو سال ہی مکمل کئے تھے کہ انہوں نے الیکشن کا اعلان کردیا جس کا نتیجہ ان کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی اور اس کی حلیف جماعت کو میٹو پارٹی کی زبردست جیت کی شکل میں سامنے آیا جہاں 475 رکنی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی دو تہائی نشستوں پر ان کا قبضہ ہوگیا۔