الیکشن مہم، کیمرون بچی کا سوال سن کر گھبرا گئے

لندن ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں الیکشن مہم کے دوران وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون 10برس کی بچی کا سوال سن کر سٹپٹا گئے،جواب نہ دے سکے تو بغلیں جھانکنے لگے ،جو سوال بڑے بڑے صحافی نہ پوچھ سکے وہ الیکشن مہم کے دوران برطانوی وزیر اعظم سے ایک بچی نے پوچھ لیا۔مانچسٹر کی رہنے والی دس برس کی ریمانے وزیراعظم سے پوچھا کہ ‘‘اگر آپ الیکشن میں اپنے علاوہ کسی دوسرے سیاست دان کا انتخاب کرتے ہیں تووہ کون ہوگا؟۔ ڈیوڈ کیمرون سوال سن کرتھوڑے گڑبڑا گئے۔بعد میں اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بولے کہ اگر وہ یہ سمجھتے کہ ان کے علاوہ کوئی اور انتخابات جیت سکتا ہے تو وہ انتخابات میں حصہ ہی نہیں لیتے،اس لئے اس سوال کا جواب دینا ان کے لئے مشکل ہے۔ملاقات کے آخر میں کیمرون نے بچی کے سوال کو اپنی الیکشن مہم کے دوران پوچھا گیا بہترین سوال قرار دیا۔