الہ آباد یونیورسٹی میں 4 طلبہ کی گرفتاری پر تشدد

الہ آباد 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد یونیورسٹی کیمپس میں تشدد سے کافی کھلبلی مچ گئی جبکہ 4 طلبہ کو ایک میٹنگ درہم برہم کردینے اور امتناعی احکام کی خلاف ورزی کی پاداش میں گرفتار کرنے کے بعد گڑبڑ شروع ہوئی۔ ایس ایس پی شلبھ ماتھر نے کہاکہ اسٹوڈنٹس یونین کے عہدیداروں کی قیادت میں طلبہ کے گروپ نے دوپہر میں یونیورسٹی کے گیسٹ ہاؤز کو گھیر لیا جہاں ایگزیکٹیو کونسل میٹنگ جاری تھی اور اِس ادارہ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ یونیورسٹی کے ہاسٹلوں میں غلط طور پر مقیم اسٹوڈنٹس کو نکال باہر کرنے کی مہم سے چند روز قبل بے چینی پیدا ہوگئی تھی اور اس تناظر میں سارے علاقہ میں امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے تھے۔ ہاسٹلوں کے تعلق سے کارروائی الہ آباد ہائیکورٹ کے حکمنامے کے پیش نظر کی گئی۔ ایس ایس پی نے کہاکہ گیسٹ ہاؤز پر بڑی تعداد میں طلبہ کا بلا اجازت اجتماع ہونے کی اطلاع پر پولیس پارٹی فوری وہاں پہونچ گئی۔ زیادہ تر احتجاجی بھاگ کھڑے ہوئے لیکن اُن میں سے 4 کو گرفتار کیا گیا۔ صورتحال موجودہ دور طور پر قابو میں ہے۔