ملزم پولیس آفیسر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ ، اسٹیٹ وقف ٹریبونل بار اسوسی ایشن و مسلم ایڈوکیٹس کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : الہ آباد ہائی کورٹ کے احاطہ میں سب انسپکٹر پولیس کی جانب سے ایڈوکیٹ محمد نبی احمد کو مبینہ طور پر گولی مار کر ہلاک کرنے کے خلاف بطور احتجاج آج اسٹیٹ وقف ٹریبونل بار اسوسی ایشن کے زیر اہتمام صدر اسٹیٹ وقف ٹریبونل بار اسوسی ایشن مسٹر محمد ظہیر الدین ایڈوکیٹ کی زیر قیادت احاطہ اسٹیٹ وقف ٹریبونل میں اور صدر تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم کے زیر اہتمام صدر تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم مسٹر وحید احمد ایڈوکیٹ کی زیر قیادت احاطہ میٹرو پولیٹن کریمنل کورٹ نامپلی میں احتجاجی دھرنا پروگرامس منعقد کئے گئے ۔ وقف ٹریبونل میں منعقدہ احتجاجی دھرنا کے موقع پر صدر وقف ٹریبونل بار اسوسی ایشن مسٹر محمد ظہیر الدین ، محمد عتیق پاشاہ کے علاوہ دیگر وکلاء جب کہ احاطہ میٹرو پولیٹن کریمنل کورٹ نامپلی میں منعقدہ احتجاجی دھرنا کے موقع پر صدر تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹ فورم ، جنرل سکریٹری میٹرو پولیٹن کریمنل کورٹ بار اسوسی ایشن مسٹر وجئے کمار ایڈوکیٹ ، جنرل سکریٹری فورم مسٹر محمد نظام الدین کے علاوہ دیگر وکلاء نے مخاطب کرتے ہوئے پولیس کے ہاتھو ںمحمد نبی احمد کو مبینہ گولی مار کر ہلاک کردئیے جانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی اور اترپردیش حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے ایڈوکیٹ کے مبینہ قتل کے واقعہ میں ملوث خاطی سب انسپکٹر پولیس کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے خاطی کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ بصورت دیگر وکلاء برادری کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرامس منظم کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر اسٹیٹ وقف ٹریبونل بار اسوسی ایشن وکلاء ، تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم وکلاء اور میٹرو پولیٹن کریمنل کورٹ بار اسوسی ایشن وکلاء کی کثیر تعداد نے مذکورہ احتجاجی دھرنا میں حصہ لیا ۔۔