الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو کارکرد بنالیا گیا

ووٹر سلپ کی تقسیم جاری، پولنگ بوتھس پر سہولیات
حیدرآباد۔/27جنوری، ( سیاست نیوز) بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کی تیاریاں تکمیل کے مراحل میں پہونچ چکی ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کوتیار کرلیا گیا ہے اور بیالٹ پیپر کی پرنٹنگ بھی مکمل ہوچکی ہے۔ یہ بات کمشنر بلدیہ و الیکشن اتھاریٹی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ بیالٹ پیپر کی پرنٹنگ کو مکمل کرلیا گیا ہے اور اندرون دو یوم الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں پیپر کی تنصیب عمل میں آئے گی۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ تاحال 2,677 افراد کے سرویس ووٹوں کی بذریعہ پوسٹ روانگی عمل میں لائی جاچکی ہے ۔ اس کے علاوہ 2,287 افراد نے پوسٹل بیالٹ کیلئے درخواست روانہ کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ جسمانی معذورین، ضعیف شہریوں کیلئے پولنگ بوتھ تک پہونچنے اور رائے دہی میں آسانی کیلئے ٹمپ تیار کئے جارہے ہیں اور شامیانے نصب کئے جائیں گے تاکہ رائے دہی میں شرکت کرنے والوں کو آسانی ہوسکے۔ کمشنر بلدیہ نے کہا کہ کُل 7,802 پولنگ مراکز کے علاوہ 20فیصد زائد یعنی 9,352 پولنگ مراکز پر پولنگ پارٹیوں کو مقرر کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر پولنگ مرکز پر پانچ عہدیداروں کا عملہ ایک پریسائیڈنگ آفیسر، ایک اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسر کے علاوہ تین او پی اوز کو تعینات کیا جارہا ہے۔ کمشنر بلدیہ مسٹر جناردھن ریڈی نے بتایا کہ مبصرینکا تقرر عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ2,500 انجینئرنگ کے طلبہ کو تربیت دی جارہی ہے جن کے ذریعہ ویب کاسٹنگ خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 5فبروری کو ووٹوں کی گنتی کیلئے 24مراکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور893 ٹیبلس قائم کئے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی میں3,200 افراد پر مشتمل عملہ خدمات انجام دے گا۔ تاحال 40,60,133 رائے دہندوں میں ووٹر سلپ کی تقسیم عمل میں لائی جاچکی ہے۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ تاحال 2کروڑ سے زائد رقم کو ضبط کرلیا گیا ہے۔