الیکشن کمیشن نے کے چندر شیکھر راؤ سے سازباز کرلیا ہے ، نتائج پر کانگریس کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وی وی پیاٹس کی عدم گنتی پر استفسار کیا ۔ دھرما پوری میں کانگریس کے امیدوار صرف 400 ووٹ کے فرق سے ہار گئے مگر دوبارہ ووٹوں کی گنتی سے انکار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کارگزار چیف منسٹر کے سی آر سے سازباز کرلینے کا ثبوت دیا ہے ۔ پیپلز فرنٹ کی شکست کے بعد گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے انتخابی عمل پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کرنے کے خدشات کا اظہار کیا ۔ وی وی پیاٹس کی عدم گنتی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا الیکشن کمیشن کے پاس کوئی جواب نہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔ مرکز رائے دہی میں ڈالے گئے ووٹ ۔ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے برآمد ہونے والے نتائج مساوی نہ ہونے کا الزام عائد کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ دھرما پوری اسمبلی حلقہ میں کانگریس امیدوار کو صرف 400 ووٹوں سے شکست ہوگئی ۔ وی وی پیاٹس سلپ کی گنتی کرنے کے مطالبہ کو مسترد کردیا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے کارگزار چیف منسٹر کے سی آر سے سازباز کرتے ہوئے جمہوریت کا خون کردینے کا الزام عائد کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پیپلز فرنٹ نے بہترین اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے اور ووٹ اتحادی جماعتوں میں بھی تبدیل ہوئے ہیں ۔ انہیں شک ہے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں ایک الکٹرانک ووٹنگ مشین چک کرنے کی اجازت دی گئی اور وہ ایک مشین بھی الیکشن کمیشن نے ہی نشاندہی کی تھی تبھی شکوک پیدا ہوئے تھے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے شکوک پر الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے ۔۔