نئی دہلی 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر و بی جے پی کے حلیف رام ولاس پاسوان نے آج مطالبہ کیا کہ راجستھان کے الور میں ایک دلت خاتون کی عصمت ریزی کی سی بی آئی تحقیقات کروائی جائیں۔ انہوں نے ریاست میں کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ انتخابی فائدہ کیلئے اس مسئلہ کو کئی دن تک چھپائے رکھی رہی ہے ۔ ریاست میں اب لوک سبھا انتخابات کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ لوک جن شکتی پارٹی سربراہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریاستی حکومت اس طرح کے قابل مذمت عمل کیلئے ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک مقدمہ درج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ اس کی سی بی آئی تحقیقات ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے وہاں انتخابات کو دیکھتے ہوئے یہ مسئلہ منظر عام پر آنے کا موقع نہیں دیا تاکہ اسے عوامی برہمی کا سامنا کرنا نہ پڑے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سارے معاملہ کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جانی چاہئے تاکہ خاطیوں کو سزا مل سکے ۔