الور اجتماعی عصمت ریزی سے متاثرہ خاتون سے راہول گاندھی کی ملاقات

جئے پور۔16مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس صدر راہول گاندھی نے جمعرات کو اس دلت خاتون سے ملاقات کی جس کے ساتھ اس کے شوہر کی موجودگی میں اجتماعی عصمت ریزی کی گئی تھی ۔ راہول گاندھی کے ساتھ چیف منسٹر اشوک گہلوٹ، ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائیلٹ اور کانگریس جنرل سکریٹری اویناش پانڈے بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ اس سانحہ پر انہیں بہت صدمہ پہنچا ہے اور متاثرہ خاتون کے ساتھ انصاف ہوگا اور جیسے ہی انہیں اس واقعہ کا علم ہوا تو وہ اشوک گہلوٹ سے بات کر کے کہا کہ وہ خود متاثرہ خاتون سے ملنے کیلئے آئیںگے اور یہ ایک سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ جذباتی مسئلہ ہے اور نہ صرف راجستھان بلکہ سارے ملک میں یہ پیغام پہچنتا ہے کہ اس طرح کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ 26 اپریل کو بعض بدمعاش غنڈوں نے متاثرہ خاتون اور اس کے شوہر کو تھانا غازی الوار روڈ سے اٹھا لیا اور ایک سنسان مقام پر لے جاکر شوہر کی موجودگی میں اس دلت خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کی گئی ۔