النصرہ فرنٹ کا گولان کی سرحدی راہداری پر قبضہ

بیروت۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شام میں القاعدہ کی النصرہ فرنٹ کے نام سے سرگرم شاخ نے شام اور اسرائیل کے درمیان سرحدی راہداری کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ یہ سرحدی راہداری گولان پہاڑیوں کے علاقے میں ہے۔ شام کی صورت حال پر نظر رکھنے والے گروپ نے النصرہ فرنٹ کی اس کامیابی کی خبر دی ہے۔ اس سے پہلے النصرہ فرنٹ کے عسکریت پسندوں نے سرحد کے شامی علاقے میں زیر قبضہ لی گئی قونیترا نام کی چوکی پر قبضے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق یہ قبضہ شامی حکومت کے ساتھ تصادم کے بعد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ شام کیلئے قائم آبزر ویٹری پورے شام کی صورت حال کا احاطہ کرتی ہے۔ شام اور اسرائیل کے درمیان اس سرحدی راہداری کی نگرانی کیلئے اقوام متحدہ کے مبصرین بھی تعینات ہیں

جو دو طرفہ آمدو رفت پر نظر رکھتے ہیں۔ اس چوکی پر قبضے کیلئے لڑائی کے دوران اسرائیلی فوج نے بھی شامی فوج کے خلاف توپ خانے کا استعمال کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا موقف ہے کہ اس سے پہلے اس کا ایک فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہو گئے تھے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دجیرک کا کہنا ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کے سرحدی چوکی پر قبضے کی تصدیق نہیں کر سکتے کیونکہ ابھی اس کے اطراف میں لڑائی جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق شامی افواج اور باغیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، اس دوران اقوام متحدہ کی پوزیشنز کے قریب بھی کئی گولے آکر گرے ہیں۔ جانی نقصان کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ کے موقع پر موجود فوجی سربراہ فریقین سے پوری طرح رابطے میں ہیں۔