ممبئی۔/4فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ ایکٹر عمران ہاشمی نے کہا کہ وہ اللہ کا جتنا بھی شکر ادا کریں وہ کم ہے کیونکہ ان کے کمسن بیٹے کا کامیاب آپریشن ہوچکا ہے اور اب وہ کینسر جیسی موذی بیماری سے نجات پاچکا ہے۔ عمران ہاشمی کے بیٹے ایان کو ایسا کینسر تھا جو اکثر بچوں میں ابتدائی زمانہ میں تشخیص کیا گیا ہے اور مکمل طور پر قابل علاج ہے۔ عمران نے کہاکہ لفظ ’ کینسر‘ ہی اتنا بھیانک ہے کہ کوئی بھی سن لے تو فکر مند ہوجائے، لہذا ان کا اور پروین ( ہاشمی کی بیوی ) کا فکرمند ہونا لازمی تھا۔ہمارے خاندان کے بزرگوںکی دعائیںتھیں جو ہمارے کام آئیں اور اب ایان مکمل طور پر صحتیاب ہے۔مہیش جی، مکیش جی، پوجا، عالیہ اور سب نے دن رات میرے ساتھ اظہار یگانگت کیا اور مجھے کبھی یہ محسوس ہونے نہیں دیا کہ وہ اکیلے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ’’ گھن چکر‘‘ کے فلاپ ہونے کے بعد عمران ہاشمی کی کوئی نئی فلم ریلیز نہیںہوئی ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کا بھی ٹوئیٹر کے ذریعہ شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں انہیں پیغامات روانہ کرتے ہوئے ایان کی عاجلانہ صحت یابی کی دعاء کی تھی۔