القریات ۔5اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) موسم حج کے آغاز کے ساتھ ہی القریات کمشنری میں اسکاؤٹس نے اپنا کیمپ قائم کر دیا۔ برسی سرحد سے آنے والے ضیوف الرحمان کی خدمت کے لئے اسکاؤٹس ہر برس کی طرح امسال بھی خدمات انجام دیں گے۔ اس ضمن میں سرحدی علاقے القریات کمشنری کے اسکاؤٹس نے الحدیثہ چیک پوسٹ کے ساتھ ہی اپنا کیمپ قائم کیا ہے جہاں سے بڑی تعداد میں قریبی عرب ممالک سے عازمین حج کے قافلے آتے ہیں۔ اسکاؤٹس کیمپ میں عازمین کی خدمت کے لئے اسکاؤٹس کے مختلف یونٹس موجود ہوں گے۔ اس حوالے سے یونٹ لیڈر کا کہنا تھا کہ انہو ںنے پینے کے پانی کی ٹھنڈی بوتلیں ، جوس کی بڑی تعداد وہاں پہنچا دی ہے علاوہ ازیں فریج کا بھی خصوصی بندوبست کیاہے تاکہ پانی ٹھنڈا رہے۔ اسکاؤٹس کے یونٹ وہاں آنے والے عازمین کو انکی بسوں میں بوتلیں اور مشروبات تقسیم کریں گے۔