القاعدہ کیخلاف جنگ میں عراق کیساتھ ہیں : بائیڈن

واشنگٹن ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت القاعدہ کے خلاف جنگ میں عراق کے ساتھ ہے اور بغداد کی یہ حمایت آئندہ بھی جاری رہے گی۔ وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق بائیڈن نے یہ بات عراقی وزیر اعظم نوری المالکی کے ساتھ اتوار کو ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہی۔ عراق کے مختلف حصوں میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کی عراقی سکیورٹی دستوں کے ساتھ خونریز جھڑپیں بھی جاری ہیں۔ یہ عسکریت پسند جزوی طور پر عراقی شہروں رمادی اور فلوجہ کا کنٹرول بھی حاصل کر چکے ہیں۔