اقوام متحدہ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے ماہرین القاعدہ اور اُس سے ملحق تنظیموں کی جانب سے اہم افراد کے اغواء اور اُن کی رہائی کے لئے بھاری رقمیں بطور زر تاوان طلب کرکے مالیہ حاصل کرنے کا انسداد کرنے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کل ایک رپورٹ پیش کی گئی۔ القاعدہ کے خلاف تحدیدات کی نگرانی کرنے والی کمیٹی نے بھی متاثرہ افراد کو سفر پر جانے سے روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت کی تازہ ترین فہرستوں میں امتناع کے شکار مسافرین کی فہرست میں القاعدہ سے مربوط لوگوں کو شامل کیا جائے۔ القاعدہ اور اُس کے ملحق اداروں کا بنیادی ہتھیار ترقی یافتہ دھماکو آلے ہیں اور سفارش کی گئی ہے کہ تمام ممالک دھماکو مادوں اور خام مادوں اور اُن کے اجزاء کی فروخت پر امتناع عائد کریں جن کی مدد سے ترقی یافتہ دھماکو آلے تیار کئے جاسکتے ہیں۔ بحیثیت مجموعی کمیٹی نے کہاکہ القاعدہ اب بھی ایک خطرہ برقرار ہے۔ حالانکہ اِس کی سابقہ طاقت بحال نہیں ہوسکی ہے۔ کئی القاعدہ سے الحاق رکھنے والے افراد ترقی پذیر ہیں بلکہ اکثر خود مختار ہیں۔