واشنگٹن 5 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں ایک نئی ونگ قائم کرنے کا اعلان کرنے والی القاعدہ چاہتی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو دشمن اسلام کے طور پر پیش کیا جائے تو ایسے میں ہندوستان کو چاہئے کہ وہ القاعدہ کی دھمکی کو انتہائی سنجیدگی سے لے ۔ امریکہ کے معروف انسداد دہشت گردی ماہر نے آج یہ بات کہی ہے ۔ امریکہ نے تاہم اس تنظیم کی صلاحیتوں کو اہمیت دینے سے انکار کیا ہے ۔ امریکی ماہر بروس ریڈل نے کہا کہ یہ ویڈیو جاریہ سال القاعدہ سربراہ ایمن الظواہری کا پہلا ویڈیو ہے اور اسے بہت سنجیدگی سے لیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ القاعدہ چاہتی ہے کہ وزیر اعظم مودی کو دشمن اسلام کے طور پر پیش کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اس تنظیم کی بنیادیں پاکستان میں ہیں اور اس کے لشکر طیبہ سے قریبی روابط ہیں ایسے میں القاعدہ ہندوستان کیلئے خطرناک ہوسکتی ہے ۔ واضح رہے کہ القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے دو دن قبل ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے ہندوستان کیلئے اپنی ایک علیحدہ ونگ قیادت الجہاد کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔ اس اعلان پر ہندوستان میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔