الشباب کے عسکریت پسندوں کا حملہ، 36 کارکن ہلاک

نیروبی ۔ 2 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام)کینیا میں مانڈیرا کی کاؤنٹی میں معدنیات کیلئے صنعتی کھدائی کے ایک مقام پر مسلح حملہ آوروں کی ایک خونریز کارروائی میں کم از کم 36 کارکنوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ کینیا کے میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق یہ علاقہ کینیا کی صومالیہ کے ساتھ سرحد کے قریب واقع ہے اور یہ حملہ مبینہ طور پر صومالیہ سے آنے والے الشباب ملیشیا کے مشتبہ عسکریت پسندوں نے کیا۔ یہ حملہ مانڈیرا کے شہر سے قریب 15 کلو میٹر کے فاصلے پر کیا گیا۔ اسی علاقے میں گزشتہ مہینے بھی 28 افراد اس وقت مارے گئے تھے جب الشباب ملیشیا کے عسکریت پسندوں نے نیروبی جانے والی ایک بس اغواکر لی تھی۔کینیائی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے خیموں پر بھاری فائرنگ کردی جہاں ورکرس رات دیر گئے محو خواب تھے ۔ بندوق برداروں نے بعد ازاں غیرمسلموں کو دیگر ورکرس سے علحدہ کیا ، کئی ورکرس کے سر قلم کردیئے اور بقیہ کو سر میں گولی مارکر موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ ان واقعات کی ریڈکراس نے بھی تصدیق کی ہے ۔