نیروبی 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی نشریاتی ادارے کو معلوم ہوا ہے کہ صومالیہ کی شدت پسند تنظیم الشباب ہمسایہ ملک کینیا کے شمال مشرقی علاقوں میں جنگجو بھرتی کر رہی ہے۔ برطانوی میڈیا کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق صرف ایک قصبے میں پولیس کے پاس 26 افراد کے لاپتہ ہونے کی درخواستیں اس خدشے کے ساتھ آئی ہیں کہ وہ شدت پسندوں کے ساتھ مل گئے ہیں۔ الشباب نے دو ہفتے قبل کینیا میں ایک یونیورسٹی پر حملہ کر کے 150 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ گریسا میں ہونے والا یہ حملہ کینیا کی تاریخ میں شدت پسندوں کا مہلک ترین حملہ تھا اور ان حملہ آوروں میں سے ایک کینیا کا ہی شہری تھا۔ الشباب کی جانب سے کینیا میں شدت پسندوں کی بھرتی کو مشرقی افریقہ میں القاعدہ کی اس اتحادی تنظیم کی حکمتِ عملی میں تبدیلی کا اشارہ بھی سمجھا جا رہا ہے۔