الشباب صومالیہ نے اپنے نئے قاعد کا اعلان کردیا

موگادیشو۔ 07ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صومالیہ میں سرگرم شدت پسند اسلامی تنظیم الشباب نے ہفتے کے روز اپنے نئے کمانڈر کے انتخاب کا اعلان کیا ہے۔ الشباب کا رہنما احمد عبدی گودانے ایک امریکی فضائی کارروائی میں ہلاک ہو گیا تھا۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے اس گروہ کے ایک کمانڈر کے حوالے سے بتایا ہے کہ احمد عمر المعروف ابوعبیدہ کو متفقہ طور پر الشباب کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔ اس گروہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ متحد ہے۔ اس سے قبل مبصرین کا کہنا تھا کہ گودانے کی ہلاکت کے بعد یہ تنظیم داخلی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ گودانے گزشتہ پیر کو دارالحکومت موغادیشو سے 105 میل دور ایک مقام پر امریکی کارروائی میں مارا گیا تھا۔