الجیریا میں فوجی طیارہ کو حادثہ،102 ہلاک، ایک شخص بچ گیا

الجیرس۔ 11 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک فوجی طیارہ جس میں 103 افراد سوار تھے، الجیریا کے شمال مشرقی پہاڑی علاقہ میں حادثہ کا شکار ہوگیا اور صرف ایک ہی شخص زندہ بچ سکا۔ یہ ملک کی تاریخ کا انتہائی خطرناک فضائی حادثہ سمجھا جارہا ہے ۔ سیکوریٹی اور ایمرجنسی عہدیداروں نے بتایا کہ C-130 ہرکیولس طیارہ ام البوغی علاقہ میں حادثہ کا شکار ہوا۔ اس طیارہ میں 99 مسافرین ، سپاہی اور ان کے ارکان خاندان کے علاوہ چار ارکان عملہ سوار تھے۔ ایمرجنسی سرویسز سے وابستہ ایک عہدیدار کرنل فرید نشاد نے بتایا کہ تلاشی کا کام جاری ہے اور ہمیں صرف ایک ہی شخص زندہ ملا ہے۔ ایمرجنسی سرویسز نے تاحال 71 نعشوں کا پتہ چلایا ۔ اس سے پہلے سیکوریٹی ذرائع نے کہا تھا کہ اس طیارہ میں سوار تمام افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بعد ازاں ایک شخص کے زندہ بچ جانے کی اطلاع ملی تاہم اس کی حالت کے تعلق سے فوری طور پر معلوم نہ ہوسکا۔