البغدادی زخمی ہوئے یا ہلاک، امریکہ کی الجھن برقرار

واشنگٹن، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے داعش کے سربراہ اور خلیفہ ابوبکر البغدادی کے ایک امریکی فضائی کارروائی کے دوران مبینہ طور پر زخمی ہو جانے کی اطلاعات کی آج چوتھے دن بھی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا ہے۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان نے اس امر کا اظہار آج کیا ہے، تاہم ابھی وائٹ ہاؤس کے ترجمان کی اس بارے میں گفتگو کی تفصیلات کا انتظار ہے۔ اس سے پہلے دیگر ذرائع کی اطلاعات کے مطابق امریکہ کی طرف سے ہفتہ کو علی الصبح فضائی کارروائی میں داعش کی گاڑیوں کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ تاہم امریکہ نے اس واقعے میں البغدادی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاعات کے بارے میں مسلسل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ دریں اثناء ’ایشیا پیسیفک اکنامک کو آپریشن ‘ کی چین میں جاری کانفرنس کے موقع پر امریکی قومی سلامتی کیلئے نائب اور تذویراتی ابلاغ کیلئے مشیر بین روڈز نے کہا ہے، ’’ اس بارے میں متضاد اطلاعات آ رہی ہیں کہ البغدادی امریکی حملے میں زخمی ہوا تھا یا نہیں‘‘۔