البغدادی جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے: امریکہ

واشنگٹن۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے دولت اسلامیہ عراق وشام ’داعش‘ کے سربراہ ابو بکر البغدادی کو خبردار کیا ہے کہ امریکی فوج کی جانب سے داعش کی قیادت کو نشانہ بنائے جانے کی مہم کے دوران انہیں بھی ’’انصاف کا مزہ‘‘ چکھائیں گے۔ پینٹاگون کے فوجی ترجمان کرنل اسٹیو وارن کا کہنا ہے کہ ’’ہم بغدادی کی تلاش میں ہیں اور انہیں تلاش کرلیں گے۔ بالکل اسی طرح جس طرح ہم نے اس کے استاد ابو مصعب الزرقاوی کو بھی ڈھونڈ کر مار دیا تھا۔ بالکل اسی طرح جس طرح ہم نے دہشت گرد اسامہ بن لادن کو تلاش کرکے قتل کردیا تھا۔ ہم بغدادی کو ڈھونڈ نکالیں گے اور اسے انصاف کا مزہ چکھائیں گے‘‘۔ امریکہ کی جانب سے داعش کی قیادت کو نشانہ بنائے جانے کی کارروائیوں میں سب سے تازہ ترین عبدالرحمان مصطفی القدولی المعروف حاجی امام کو نشانہ بنایا گیا ہے جو کہ داعش کے نائب سربراہ تھے۔